وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام برائے فروغ کچن گارڈننگ کے ذریعے زرعی زہروں کے مضر اثرات سے پاک اور ممکن حد تک آرگینک سبزیوں کا حصول ہوگا

kitchen-gardeningلاہور:6نومبر2013: زرعی میڈیا ڈاٹ کام:وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام برائے فروغ کچن گارڈننگ کے ذریعے زرعی زہروں کے مضر اثرات سے پاک اور ممکن حد تک آرگینک سبزیوں کا حصول ہوگا۔ یہ بات وائس چانسلربارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے کچن گارڈننگ کے بارے میں منعقدہ سیمینار کے دوران بتائی۔ سیمینار میں ممبر پنجاب اسمبلی انجینئر قمرالزمان،ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب محمد رفیق اختر، پراجیکٹ ڈائریکٹر(فروٹ اینڈ ویجیٹیبل) محمد آصف خان، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، کاشتکاروں اور طلبا ء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔محمد آصف خان نے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ اب تک 5لاکھ سے زائد سبزیوں کے بیج کے پیکٹس شہریوں و کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ اس سال 1لاکھ پیکٹس کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ کچن گارڈننگ کے منصوبہ کے تحت موجودہ ربیع سیزن میں پنجاب کے 36اضلاع میں 325مراکز پر 1لاکھ سے زائد سیڈ پیکٹس کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔کاشتکاروں کو 5مرلہ پر 8قسم کی سبزیوں کی کاشت کے لیے 50روپے فی پیکٹ کی انتہائی کم اور مناسب قیمت پر فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے مزید بتا یا کہ گذشتہ 2سالوں میں کچن گارڈننگ کی شعوری و آگاہی مہم کے دوران 5لاکھ 45ہزار لٹریچر کی کاپیا ں تقسیم کی گئیں اور 432نمائشی پلاٹس بھی لگائے گئے ۔پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے بھرپور تشہیری مہم جاری ہے جس سے گھریلو پیمانے پر سبزیاں کاشت کرنے کے رجحان کو فروغ حاصل ہوا ہے ۔

محمد رفیق اختر نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سبزیوں کا متوازن استعمال جسم میں مختلف بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتا ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ خوراک میں سبزیوں کا استعمال300 سے 350گرام فی کس روزانہ ہونا چاہیے جبکہ ہمارے ہاں یہ مقدار 100سے 150گرام فی کس روزانہ ہے جو کہ سفارش کردہ مقدار سے آدھی سے بھی کم ہے جس کی وجہ سے ہمارے ہاں صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔انجینئر قمر الزمان نے کچن گارڈننگ کی اہمیت و فوائد کے بارے میں مزید بتایا کہ کچن گارڈننگ گھر میں موجود خالی جگہ اور فارغ وقت کا بہترین استعمال ہے ۔اس سے انسانی صحت اور تندرستی کے لیے تازہ اور غذائیت سے بھرپور سبزیوں کی دستیابی ہوتی ہے ۔ کچن کے ماہانہ اخراجات میں کمی ہوتی ہے اور گھر میں آلودگی سے پاک اور صاف ستھرا ماحول مئیسر آتا ہے ۔

Copy Rights @ ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More