دی ایگریرین سوسائٹی کے زیراہتمام اورینٹیشن سیمینار: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

university-of-agriculture-faisalabad-uafفیصل آباد 06۔نومبر 2013ء (زرعی میڈیا ڈاٹ کام ) جامعات نہ صرف فرد کو علم کے زیور سے آراستہ کرتی ہیں بلکہ انہیں کردار سازی کے مرحلے سے گزار کر معاشرے میں خوبصورتی لانے کے لئے کلیدی کردار کی حامل ہیں۔ یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے یونیورسٹی میں داخل ہونے والے انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرام کے لئے نئے طلباء و طالبات کو تعارفی حوالے سے دی ایگریرین سوسائٹی کے زیراہتمام اورینٹیشن سیمینار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کہی۔

انہوں نے کہا کہ علم کا سفر تعلیمی اداروں کی چاردیواریوں سے نکلنے کے بعد بھی عمر بھر جاری رہتا ہے اور اس سے شخصیت کی تکمیل کے ساتھ ساتھ سوسائٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی طلباء کی تعداد کے پیش نظر یونیورسٹی نے اپنے انفراسٹرکچر میں بہتری کے ساتھ ساتھ خواتین کے لئے رہائشی سہولتوں میں وسعت لانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے ہیں۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی علوم زراعت کی ایک کمپری ہینسو جامعہ ہے جس میں زراعت کے ساتھ ساتھ لائیوسٹاک، ویٹرنری، انجینئرنگ، بائیوٹیکنالوجی، سوشل سائنسز اور غذائی استحکام کے ساتھ ساتھ بنیادی سائنس کے مضامین میں تعلیم و تحقیق کے بھرپور مواقع مہیا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جس میں فطری طور پر ہر ضلع اور صوبے کی بنیاد پر دیہی و شہری آبادی سے تعلق رکھنے والے طلبا کو تعلیم کے مواقع مہیا کئے جاتے ہیں۔

ان سے پہلے پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام خاں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلیہ زراعت کے زیراہتمام مختلف شعبوں میں تعلیم و تحقیق کے حوالے سے دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں کے ہم پلہ مواقع پیدا کئے گئے ہیں خاص طور پر یونیورسٹی کی لیبارٹریاں مغربی دنیا کی اعلیٰ ترین جامعات کی لیبارٹریوں سے کسی طور پر کم نہیں ہیں۔ ہال وارڈن پروفیسر ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ یونیورسٹی میں 16ہزار سے زائد طلباوطالبات زیرتعلیم ہیں جن میں سے نصف کے قریب طلباء کو ہاسٹلز میں رکھنے کا اہتمام کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انفراسٹرکچر پر خاصا دباؤ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مین کیمپس پر چار بوائز ہاسٹلز کو خواتین کمپلیکس میں تبدیل کر کے بوائز کو جھنگ روڈ پر واقع پارس کیمپس منتقل کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر فنانشل ایڈ بریریگیڈیئر (ر) جاوید انوار نے کہا کہ یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں طلباء کو وظائف اور مالی امداد دینے کا اہتمام کیا گیا ہے اور کوئی طالب علم ایسا نہیں ہے جو فیس نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی چھوڑنے پر مجبور ہو۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق طلباء کی مالی امداد کے نظام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ تقریب سے ڈین کلیہ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر اقبال ظفر، ڈین کلیہ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید، پروفیسر آف پولٹری سائنس ڈاکٹر سلطان محمود، پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد، پروفیسر ڈاکٹر طاہر صدیقی، کنٹرولر امتحانات شفقت اقبال، ڈائریکٹر سپورٹس حاجی شفیق، ڈاکٹر محمد اسلم اور عبدالغفور نے بھی خطاب کیا۔

University of Agriculture Faisalabad (UAF),
Copy Rights @ ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More