زرعی و دیہی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے سماجی مہارت اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے دیہی آبادی تک جدید زرعی ٹیکنالوجی کے لئے پیغام رسانی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے

 میلے دیہی ثقافت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل
میلے دیہی ثقافت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل

فیصل آباد 28 اکتوبر ( زرعی میڈیا ڈاٹ کام) میلے دیہی ثقافت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہر سال ربیع اور خریف کے آغاز پر میلے منعقد کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ربیع فیسٹیول کے چوتھے روز تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی و دیہی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے سماجی مہارت اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے دیہی آبادی تک جدید زرعی ٹیکنالوجی کے لئے پیغام رسانی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لئے فیصل آباد کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے سب کیمپسز پر بھی میلے منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی بیرونی ملکوں کے ساتھ مل کر مشترکہ ڈگری پروگراموں اور فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے پیش رفت یقینی بنا رہی ہے۔ اس سلسلے میں یونیورسٹی آف اتراجایا ملائیشیا کے تعاون سے فوڈ انجینئرنگ پروگرام انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس میں طلباوطالبات ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملائیشین اساتذہ سے تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ بدلتے ہوئے تقاضوں کے پیش نظر جامعہ میں 32نئے ڈگری پروگرام شروع کئے گئے ہیں جبکہ پوسٹ گریجوایٹ سطح پر داخلوں میں وسعت لاتے ہوئے اس سال چار ہزار نئے طلباوطالبات کو داخلہ دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ان نئے پروگراموں میں یونیورسٹی کے تعلیمی و تحقیقی معیار کو یقینی بناتے ہوئے اس میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی زرعی تحقیق اور اڈاپٹو ریسرچ کے شعبے میں مربوط تعاون کو فروغ دے کر زرعی ترقی کے لئے پل کا کردار ادا کر رہی ہے جس سے سائنسدانوں کو مل جل کر کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان سے پہلے ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ چار روزہ میلے کے دوران فیصل آباد اور گردونواح کے کسانوں اور مختلف خاندانوں کو تفریح کے ساتھ ساتھ جامعہ میں تخلیق کی جانے والی جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں جاننے کے مواقع میسر آئے ہیں جس سے زراعت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔

چیئرمین پلانٹ بریڈنگ اینڈ جنیٹکس پروفیسر ڈاکٹر عبدالسلام خاں نے کہا کہ اس میلے کے دوران کیمپس کمیونٹی کے ساتھ ساتھ شہر کے لوگوں کو بھرپور تفریح کے ساتھ ساتھ نمائش کے لئے پیش کی جانے والی جدتوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ سالوں میں مزید بہتر انداز سے جاری رکھا جائے گا۔ تقریب سے ڈاکٹر شہباز طالب ساہی نے بھی خطاب کیا۔ مہمان خصوصی نے بہترین سٹالز کے انعامات بھی مختلف شعبوں کے ذمہ داران کو عطا کئے۔ تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر شعبہ رورل سوشیالوجی کو پہلا، ایوب تحقیقاتی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو دوسرا اور انسٹی ٹیوٹ آف ہوم اکنامکس کو تیسرے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ زراعت کے شعبے میں انٹومالوجی ڈیپارٹمنٹ کو پہلا، سنٹر فار ایگری بائیوٹیکنالوجی اینڈ بائیوکیمسٹری کو دوسرا اور پلانٹ پتھالوجی کو تیسرا انعام دیا گیا۔ بی کیٹگری میں انسٹی ٹیوٹ آف ہوم اکنامکس کو پہلا، اینیمل ہسبنڈری فیکلٹی کو دوسرا اور واٹرمینجمنٹ ریسرچ سنٹر کو تیسرا انعام دیا گیا۔ سوشل سائنسز اور سائنسز کے شعبے میں رورل سوشیالوجی کو پہلا، نظامت تحقیقات کو دوسرا اور ڈے کیئر سنٹر کو تیسرا انعام عطا کیا گیا۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے شعبے میں ایوب زرعی تحقیقاتی ادارے فیصل آباد کو پہلا، ویٹرنری ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لاہور کو دوسرا اور دوان ایسوسی ایٹ پاکستان کو تیسرا انعام دیا گیا۔

زرعی یونیورسٹی, زرعی, University of Agriculture Faisalabad (UAF),
agriculture and rural development
Copy Rights @ ZaraiMedia.com
زرعی یونیورسٹی, زرعی, University of Agriculture Faisalabad (UAF),

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More