فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پاکستان میں یونیڈو کے تعاون سے ملک کی پہلی سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری

seed testing laboratory
seed testing laboratory

فیصل آباد 3 اکتوبر 2013ء (زرعی میڈیا ڈاٹ کام ) فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ پاکستان میں یونیڈو کے تعاون سے ملک کی پہلی سیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کر رہا ہے جس کے ذریعے قومی و ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بیرونی ممالک میں بیج فروخت کرنے کے بھر پور مواقع میسر آ سکیں گے۔ان خیالات کا اظہار ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سید ناصر علی شاہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ کراپ فزیالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ بین الاقوامی ورکشاپ برائے سیڈ فزیالوجی کے افتتاحی اجلاس سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ لیبارٹری میں عالمی معیار سے ہم آہنگ بیج کی پیداواریت، صحت اور خالص پن کی تصدیق کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ اس لیبارٹری کے قیا م کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کو بھی زیر غور لایا جائے گا۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرا ر احمد خاں نے اپنے صدارتی خطاب میں بیج کے تصدیق شدہ زخیرے میں کمی اور غیر تصدیق شدہ بیج تیار کرنے والی کمپنیوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیڈ ایکٹ اور دیگر قوانین پر عمل درآمد یقینی نہیں بنایا جائے گا تب تک چھوٹے کسانوں کو خالص بیج کی فراہمی ممکن نہیں ہو پائے گی۔وائس چانسلر نے کہا کہ ملک میں بیج کی انڈسٹری کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کے لیے یونیورسٹی نے بی ایس سی (آنرز) سیڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا نیا پروگرام متعارف کرایا ہے جس سے اس شعبے کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے کاٹن زون کے تین اضلاع میں کیے گیے بی ٹی کاٹن کے بارے میں سروئے سے ثابت ہوا ہے کہ بی ٹی کے نام پر 50 مختلف اقسام کے بیج فروخت کیے گیے جن میں سے صرف 7 اقسام خالص پائی گئیں۔ شعبہ کراپ فزیالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شہزاد بسرا نے بتایا کہ ان کا شعبہ گزشتہ چند سالوں سے اس شعبے میں تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کر رہا ہے جس میں سیڈ کمپنیوں کے علاوہ دیگر فریقین کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ورکشاپ میں غیر ملکی مندوبین شرکاء کو سیڈ کی مینجمنٹ اور پیداوار کے جدید رجحانات سے آگاہ کریں گے۔تقریب سے ڈاکٹر عرفان افضل اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

فیصل آباد 3 اکتوبر 2013ء (زرعی میڈیا ڈاٹ کام ) عجائب گھر کسی بیدار معاشرے کے سماجی اور ثقافتی رجحانات کے امین اور تاریخی نوادرات سے آراستہ ہوتے ہیں جن سے علم کی روشنی اور قدیم زمانے کے حقائق عام آدمی تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے میوزیالوجی اور میوزیوگرافی کی بین الاقوامی ورکشاپ کے سلسلے میں یونیورسٹی کے دورے پر آئے ہوئے شرکاء کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ایکٹ میں علم کی روشنی دور دور تک پھیلانے کے لیے یہاں میوزیم کے قیام کو قانون کا حصہ بنایا گیا ہے جسے عملی شکل دینے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی مدد سے کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ڈی سی او سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ ساندل بار کے قدیم ثقافتی اور تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے فن لینڈ کے ماہرین کی مدد سے لائلپور میوزیم آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی قائم کیا جا رہا ہے جس میں مختلف گیلریوں کو یہاں کی صنعتی ترقی اور معاشرتی حوالوں سے محفوظ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا اولڈ کیمپس فطری طور پر میوزیم میں تبدیل کرنے کے لیے بہترین چوائس ہے اور یہاں ایک سال کے عرصے میں عالی شان عجائب گھر قائم کرنے کے لیے ابتدائی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔اس موقع پر پراجیکٹ کوارڈینیٹر میا ں عتیق اور غیر ملکی مندوبین نے بھی اظہار خیا ل کیا وفد کے اراکین نے اولڈ کیمپس اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا۔

فیصل آباد 3اکتوبر 2013ء ( زرعی میڈیا ڈاٹ کام) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کی تاریخ میں 10اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ رجسٹرار چوہدری محمد حسین کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچرل سائنسز‘ ایگری کلچرل و ریسورس اکنامکس‘ فوڈ سائنس و ٹیکنالوجی‘ اینیمل سائنسز‘ مائیکروبیالوجی‘ انوائرمنٹل سائنس‘ و ڈیری سائنس میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز‘ ڈی وی ایم‘ بی ایس سی ایگری انجینئرنگ‘ بی ایس سی فوڈ انجینئرنگ‘ بی ایس سی انرجی سسٹم انجینئرنگ‘ بی ایس سی انوائرمنٹل انجینئرنگ‘ بی ایس سی ٹیکسٹائل انجینئرنگ‘ ڈی فارمیسی‘ بی ایس سی (آنرز) ہوم اکنامکس‘ بی ایس سی (آنرز) ہیومن نیوٹریشن و ڈائی ٹیٹکس‘ بی بی اے‘ بی ایس بائیوانفرمیٹکس‘ بی ایس کمپیوٹر سائنس‘ بی ایس انفرمیشن ٹیکنالوجی‘ بی ایس سوفٹ ویئر انجینئرنگ سمیت یونیورسٹی کمیونٹی کالج کے زیراہتمام فیڈ ٹیکنالوجی‘ فارم مینجمنٹ اور ایجوکیشن میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کیلئے اُمیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی مکمل درخواستیں 10اکتوبر تک متعلقہ فیکلٹی کے دفتر میں جمع کروائیں۔

Seed ,سیڈ
Copy Rights @ ZaraiMedia.com.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More