وہ دن دور نہیں جب قوم کو سستی بجلی مہیا کی جائیگی:حمزہ شہباز

حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب قوم کو سستی بجلی مہیا کی جائیگی
حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب قوم کو سستی بجلی مہیا کی جائیگی

لاہور(خصوصی رپورٹر،نامہ نگار)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب قوم کو سستی بجلی مہیا کی جائیگی ۔ میٹرو بس کے دستے میں مزید 9بسیں شامل کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو آج پہاڑ جیسے مسائل کاسامنا ہے تاہم نیت صاف ہواور باہمی اتحاد واتفاق سے کام لیاجائے تو تمام مسائل ڈھیر ہوسکتے ہیں۔ ان کاکہناتھا کہ وہ دن دور نہیں جب وطن عزیز کاقریہ قریہ روشن ہوگا،شہر شہر گائوں گائوں ترقی کادور دورہ ہوگا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ میٹروبس منصوبہ پوری دنیامیں مسلم لیگ(ن) کی عوام سے کمٹمنٹ اور شفافیت ودیانتداری کی روشن مثال بن گیاہے ،ہماری حکومت اپنے 5سالہ دور میں میٹروبس جیسے بیسیوں منصوبے عوام کے قدموں میں نچھاور کردے گی ۔ ذاتیات کی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں، وقت آگیاہے کہ ہرقسم کے مفادات سے بالاتر ہوکر صرف اور صرف پاکستان کے محفوظ مستقبل کیلئے پوری قوم متحد ہوجائے ۔ حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان کے پہاڑ جیسے مسائل وزیر اعظم نوازشریف اور انکی ٹیم کے مضبوط عزم کے سامنے ایک دن ریزہ ریزہ ہوجائیں گے اور دہشت گردی ،لوڈشیڈنگ اور مہنگائی وبے روزگاری جیسے مسائل سے قوم کو جلد چھٹکارا مل جائے گا۔انہوں نے کہاکہ 1999ئمیں ہماری حکومت کی برطرفی کے وقت دوردور تک لوڈشیڈنگ کا نام و نشان تک نہ تھا۔مگرآمریت اور بعدازاں پی پی پی حکومت نے بربادیوں کی ایسی داستان رقم کی جس کا خمیازہ آج تک قوم بھگت رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انہیں یقین ہے کہ مسلم لیگ(ن) پانچ سالوں میں عوام کی توقعات سے بھی بڑھ کران کی خدمت کرے گی تاکہ وہ فخر سے اگلے انتخابات میں اپنی کارکردگی عوام کی عدالت میں پیش کرسکے ۔ ایکسپو سنٹر لاہور میں آل پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف خطے کے تمام ممالک کیساتھ برابری کے تعلقات چاہتے ہیں ،نواز من موہن ملاقات کے نتیجے میں بھارت سے تعلقات میں مزید بہتری آئیگی اور دونوں ممالک کی کرکٹ، ہاکی ،کبڈی اور دیگر کھیلوں کی ٹیمیں ماضی کی طرح ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرینگی ،پبلک افیئرز یونٹ کے ذریعے حکومت اور عوام میں رابطوں میں مزید بہتری پیدا ہو گی اور انکے مسائل حل کرنے میں مدد ملیگی۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ حکومت پولٹری انڈسٹری کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ۔قبل ازیں مہمان خصوصی نے ایکسپو سنٹر میں پاکستان، چین ، اٹلی ، ترکی اور دیگر ممالک کی کمپنیوں کی طرف سے پولٹری صنعت کے حوالے سے لگائے گئے سٹالوں کا بھی دورہ کیا۔ حمزہ شہباز ذرائع دنیا

Published in ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More