کچن گارڈننگ

kitchen-gardeningلاہور:زرعی میڈیا ڈاٹ کام: کچن گارڈننگ پروگرام کے تحت 25 ستمبر سے پنجاب بھر کے 36اضلاع میں ربیع سیزن کی سبزیوں کے بیجوں کے 30ہزار پیکٹس بحساب 50/-روپے فی پیکٹ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق کچن گارڈننگ پروگرام کی عوامی مقبولیت کے پیش نظر پورے پنجاب میں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے مزید بتا یا ہے کہ صحت عامہ کے مسائل حل کرنے اور ان میں بہتری لانے کے لیے کچن گارڈننگ کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔

اس مقصد کے لیے سکول اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے طلباء اورکاشتکاروں کو سبزیوں کی کاشت اور اہمیت بارے تربیت فراہم کی جارہی ہے اور پروگرام کی کامیابی کے لیے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے ۔زرعی ماہرین کے مطابق انسانی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے 280گرام سبزی فی کس روزانہ استعمال کرنا ضروری ہے جبکہ پاکستان میں مطلوبہ مقدار سے نصف سبزی روزانہ استعمال کی جاتی ہے۔جس کی وجہ سے صحت عامہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

گھریلو پیمانے پر جو سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں وہ زہروں یا کیمیائی کھادوں کے مضر اثرات سے پاک ہوتی ہیں ان کے ذریعے مالی بچت بھی ہوتی ہے کیونکہ بازار سے خریدی گئی سبزیاں مہنگی ہیں اور ان کی خریداری سے گھریلو بجٹ میں اضافہ ہوتاہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے شروع کئے گئے کچن گارڈننگ پروگرام کی وجہ سے عوام میں سبزیوں کے بارے میں شعور اجاگر ہوا ہے اور گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت میں اضافہ ہوا ہے۔ معیاری بیج کی گھریلو پیمانے پر دستیابی سے گھریلو پیمانے پر سبزیوں کی کاشت میں اضافہ ہوگا۔ گھریلو پیمانے پر خالی برتنوں ، ڈبوں ،کریٹوں ،پلاسٹک کے تھیلوں اور گملوں میں سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں اور اگر گھر میں جگہ دستیاب نہ ہو تو چھتوں پر بھی سبزیاں کاشت کی جاسکتی ہیں۔

Copy Rights @ ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More