ڈیلرز سے ڈیل کامیاب بنانے کیلئے پولٹری ریٹ میں 22 سے 25 روپے کلو اضافہ

Poultry sector
Poultry sector

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کمشنر و کنٹرولر جنرل آف پرائسزز کراچی ڈویژن نے پولٹری ڈیلرز سے ڈیل کو کامیاب بنانے کیلئے پولٹری ریٹ میں 22 سے 25 روپے فی کلو کا اضافہ کردیا ہے۔ عیدقربان کے موقع پر پولٹری ریٹ میں اضافہ یقیناً تشویشناک ہے کیونکہ گذشتہ 2 دہائیوں سے یہ معمول ہے کہ عیدقربان سے 4, 3 ہفتے قبل پولٹری کے ریٹ میں کمی کا رجحان رہتا ہے،اسی طرح عیدقرباں کے بعد بھی 2 سے 3 ہفتے مرغی کی ڈیمانڈ بہت کم ہونے سے ریٹ کم رہتا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ رمضان المبارک اور اس کے بعد شادی سیزن کے موقع پر جب ڈیلرز زندہ برائیلر مرغی کمشنر کے طے کردہ نرخ کی نسبت 100 سے 150 روپے مہنگی فروخت کررہے تھے۔ کمشنر نے ریٹ میں اضافہ نہیں کیا لیکن اب جبکہ گذشتہ 3 سے 4 ہفتوں کے دوران مرغی کی قیمت میں کمی کا رجحان ہے اور یہ 250, 240 سے کم ہو کر 140 اور 150 پر آگئی ہے کمشنر نے اچانک ریٹ میں اضافہ کردیا ہے۔ گذشتہ ہفتے کمشنر کراچی کی جانب سے طے کردہ برائیلر مرغی کا نرخ 120 روپے جبکہ گوشت کا نرخ 210 روپے تھا لیکن پیر کو جاری کردہ نرخ کے مطابق زندہ برائیلر مرغی کی قیمت 22 روپے فی کلو کے اضافے سے 142 روپے اور برائیلر گوشت کی قیمت 25 روپے کے اضافہ سے 235 روپے مقرر کی گئی ہے۔ انڈسٹری سے وابستہ افراد نے جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ چند ہفتے قبل ڈیلرز اور کمشنر کے درمیان مذاکرات میں معاملات طے پاجانے کے بعد کمشنر نے سرکاری ریٹ کے اجرا کو روک دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس ڈیل کی خبر میڈیا کو ہوجانے کے بعد کمشنر نے پولٹری ریٹس کا دوبارہ اجرا شروع کردیا تو ایک مرتبہ پھر ڈیلرز نے کمشنر پر دبائو بڑھادیا۔ انڈسٹری سے وابستہ افراد اس سلسلے میں ڈیل کیلئے اکٹھی کی جانے والی بھاری رقم کا بھی ذکر کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ ضلعی انتظامیہ پر دبائو بڑھانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ کمشنر کی جانب سے پولٹری ریٹ دوبارہ جاری ہونے پر ایک ڈیلرز نے جنگ کو بتایا کہ کمشنر نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ مسئلہ جلد حل کردیں گے۔ ذرائع کے مطابق کمشنر نے ڈیلرز اور ایک سیاسی پارٹی کے دبائو پر ہی اب ڈیلرز کی مرضی کے مطابق ریٹ بڑھادیا ہے تاکہ ایک جانب کمشنر کو اپنی رٹ قائم کرنے کا جواز مل جائے تو دوسری جانب ڈیلرز مرضی کے مطابق منافع حاصل کرسکیں۔ذرائع جنگ

Published in ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More