کینولہ کی فصل کی کاشت

September 21, 2013canola-oil-pakistan

راولپنڈی/ اسلام آباد :زرعی میڈیا ڈاٹ کام: سال 2011-12ء میں پنجاب میں 20ہزار 8سو 70ایکڑ رقبہ پر کینولہ کی فصل کاشت کی گئی اور اس سے 10ہزار 92ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان کے مطابق کینولہ کا تیل صحت کے لیے مفیدہے اور ایروسک ایسڈ اورگلوکوسائنو لیٹ جیسے مضر اجزاء سے پاک ہوتا ہے ۔کاشتکار کینولہ کی فصل کاشت کر کے نہ صرف اپنی آمدن بڑھا سکتے ہیں بلکہ ملک کو تیل کی پیداوار میں خود کفیل بنا سکتے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کینولہ کا موزوں وقت کاشت 20 ستمبر سے 31 اکتوبر تک ہوتا ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب میں کینولہ کی کاشت یکم اکتوبر سے شروع کر یں۔ کینولہ کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے صحت مند اور صاف ستھرا بیج ڈیڑھ سے دو کلوگرام فی ایکڑ استعمال کریں۔

زمین میں وتر کم ہونے کی صورت میں بیج کی مقدار بڑھا دیں۔ فصل کو بیماریوں سے محفوظ کرنے کے لیے بیج کو سرائیت پذیر زہر لگانا بہت ضروری ہے۔ اس لیے محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورہ سے بیج کو سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر لگائیں۔ ترجمان نے بتایا کہ کینولہ کی کاشت بذریعہ ڈرل 30 سے 45 سینٹی میٹر (ایک تا ڈیڑھ فٹ) کے فاصلہ پر قطاروں میں کریں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ بیج کی گہرائی کاشت کے وقت2 تا 4 سینٹی میٹر (ایک انچ تا ڈیڑھ انچ) سے زیادہ نہ ہو۔ کاشت تروتر میں کریں۔ اگر کاشت کے وقت وتر کم ہو تو کاشت سے پہلے بیج کو نمدار مٹی میں ملا کر تقریباً 6 گھنٹے تک پڑا رہنے دیں اور پھر کاشت کریں۔ ناگزیر حالات میں خشک زمین میں کاشت کر کے بعد میں پانی دیا جا سکتا ہے۔

بہتر پیداوار کے حصول کے لیے متوازن اور متناسب کھادوں کا استعمال بہت ضروری ہے۔ اگر کھادوں کے استعمال سے پہلے زمین کا تجزیہ کروا لیا جائے اور زمین کی زرخیزی کو مدنظر رکھ کر کھاد ڈالی جائے تو زیادہ فائدہ ہوتاہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کینولہ اقسام کے لیے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی + ایک بوری یوریا +ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ یا ڈیڑھ بوری ٹی ایس پی + ڈیڑھ بوری یوریا+ایک بوری پوٹاشیم سلفیٹ فی ایکڑ استعمال کریں۔ فاسفورسی اور پوٹاش والی کھادوں کا استعمال بوائی پر کریں جبکہ آبپاش علاقوں میں نائٹروجنی کھاد کو دو حصوں میں ڈالیں۔ آدھی نائٹروجنی کھاد بوائی پر اور آدھی پھول آنے سے پہلے استعمال کریں۔

Copy Rights @ ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More