کپاس کے کاشتکار کیڑوں اور سنڈیوں کے مناسب تدارک کے لیے بروقت اقدامات کریں

September 20th, 2013

Cotton growers advised
Cotton growers advised

راولپنڈی/ اسلام آباد :زرعی میڈیا ڈاٹ کام: کاشتکار کپاس کی فصل سے بھرپور پیداوار لینے کے لیے فصل کے پھل ، پھول اور ٹینڈوں کے نازک مرحلے پر غذائی اجزاء اورپانی کا خاص خیال رکھیں ۔کیڑوں اور سنڈیوں کے مناسب تدارک کے لیے بروقت اقدامات کریں۔نظامت زرعی اطلاعات پنجاب کے ترجمان کے مطابق کپاس کی فصل کو نائٹروجن کی کمی کی صورت میں 2کلو گرام یوریا فی ایکڑ 100لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں۔

اکتوبر تک مسلسل ٹینڈے حاصل کرنے کے لیے آدھی بوری یوریا فی ایکڑ ڈالیں۔پو دوں پر بھرپور ٹینڈوں کے لیے میگنیشنم سلفیٹ اور بوران کا سپرے کریں۔ اسی طرح پھل کو گرنے سے بچانے کے لیے زنک، بوران اور یوریا کا سپرے کریں۔ترجمان نے بتایا کہ اگر فصل بڑھوتری کی طرف زیادہ مائل ہو تو میپی کواٹ کلورائیڈ 100(Mepiquat Chloride)ملی لیٹر فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کریں۔ پوٹاشیم نائٹریٹ کے 2فیصد محلول کے دو سپرے ایک ہفتہ کے وقفہ سے کریں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ کپاس کے جن علاقوں میں پتہ مروڑ وائرس کا حملہ بڑھ رہا ہے وہاں فوری طور پر وائرس کے متبادل میزبان پودوں کو تلف کریں۔ سفید مکھی کے موثر کنٹرول کے لیے ایک ہی قسم کی زہر بار بار سپرے نہ کریں۔کپاس کی فصل میں ہفتے میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کریں ۔

نمی کی وجہ سے اس موسم میں کپاس پر سبز تیلے اور ملی بگ کا حملہ بڑھ رہا ہے اگر ان کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حد تک ہو تو زرعی ماہرین کے مشورہ سے سپرے کریں۔ لشکری سنڈی کا حملہ کھیت میں نظر آتے ہی مناسب زہر کا سپرے کریں۔

ترجمان نے مزید بتا یا کہ چنائی شروع کرنے کا موزوں وقت صبح 10:00بجے کے بعد شروع ہوتا ہے ۔ جس وقت فصل اور ٹینڈوں پر سے رات کی شبنم خشک ہو جائے تاکہ کپاس بدرنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔ شام 04:00بجے چنائی بند کر دینی چاہیے ۔چنائی کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا (جھولی )سوتی ہونی چاہیے اور چنی ہوئی پھٹی کو صاف اورخشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے اور اس کے بعد صاف اونچی اور خشک جگہ پر اکھٹا کیا جائے تاکہ پھٹی آلودگی سے محفوظ رہ سکے ۔ بی ٹی اور غیر بی ٹی اقسام کی روئی کو علیحدہ رکھیں۔چنی ہوئی کپاس میں نمی ، کچے ٹینڈوں ، کھوکھڑی ، رسیاں ، سوتلی ، بال وغیرہ ہر گزشامل نہ ہونے دیں۔ گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیاء ہاتھوں سے چن کر نکال دیں۔چنائی کے بعد پھٹی کو ایک دو دھوپ ضرور لگوائیں تاکہ نمی کو مناسب سطح پر لایا جا سکے ۔ بارش کے دنوں میں چنائی نہ کریں بلکہ جب کپاس سوکھ جائے تو چنائی کریں ۔

Copy Rights @ ZaraiMedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More