صوبہ پنجا ب میں 57لاکھ 80ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی گئی

Cotton
Cotton

September 16, 2013

زرعی میڈیا ڈاٹ کام: صوبہ پنجا ب میں 57لاکھ 80ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی گئی ہیجس کا پیداواری ہدف 96لاکھ گانٹھ مقرر کیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کپاس کی چنائی ، ذخیرہ ، ترسیل اور جننگ فیکٹریز میں احتیاط برتنے سے اعلیٰ معیار کی روئی پیدا کی جا سکتی ہے اور ملکی سطح پر سالانہ اربوں روپے کا زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔

زرعی ماہرین کے مطابق فصل کی چنائی اس وقت کی جائے جب ٹینڈے مکمل طور پر کھل جائیں تاکہ کچے ٹینڈوں کے باعث کپاس بدرنگ نہ ہونے پائے اور نمی کی وجہ سے جننگ کے دوران مشکلات کا سامنا بھی نہ ہو۔اسی طرح بارش ہونے کی صورت میں چنائی روک دی جائے ۔جب کپاس مکمل طور پر خشک ہو جائے تو اس وقت چنائی شروع کی جائے ۔

ترجمان کے مطابق چنائی کے لیے استعمال ہونے والا کپڑا سوتی ہونا چاہیے اور چنی ہوئی پھُٹی کو صاف اور خشک سوتی کپڑے پر رکھا جائے ۔اس کے بعد صاف ، اونچی اور خشک جگہ پر اکھٹا کیا جائے تاکہ پھُٹی آلودگی سے محفوظ رہ سکے۔بی ٹی اور غیر بی ٹی اقسام کی روئی کو علیحدہ رکھا جائے ۔چنی ہوئی کپاس میں نمی ، کچے ٹینڈوں ، کھوکھڑی ، رسیاں، سوتلی اور بال وغیرہ ہرگز شامل نہ ہونے دیں۔گودام میں لے جانے سے پہلے یہ تمام اشیاء ہاتھ سے چن کر نکال لیں ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ پھُٹی کے ذخیرہ کی جگہ سے جننگ فیکٹری تک لانے کے لیے محکمہ زراعت کے انجینئرز کی طرف سے ڈیزائن کردہ مخصوص لوہے کی جالی دار ٹرالی استعمال کی جائے ۔پٹ سن کے کپڑے ، پلیاں یا بورے ہر گز استعمال نہ کیے جائیں ۔کیونکہ پٹ سن کے ریشے روئی کی کوالٹی کو بری طرح متاثر کرتے ہیں ۔دوران ترسیل ممکنہ شامل ہونے والی آلائشوں کی آمیزش کا بھی خیال رکھا جائے ۔ کاٹن جننگ فیکٹریز میں فیکٹری مالکان ، مینیجرز اور منسلک ملازمین کو چاہیے کہ وہ بھی پھُٹی اور روئی کی کوالٹی کا خاص خیال رکھیں۔پھُٹی کو اچھی طرح دو ۔تین دن دھوپ لگوانے کے بعد اس وقت جننگ کریں جب اس میں نمی 8.5فیصد رہ جائے ۔زیادہ نمی کی صورت میں جننگ کرنے کی وجہ سے کمزور ریشہ اور خراب کوالٹی کی روئی حاصل ہوتی ہے ۔اسی طرح جننگ مشینوں کے نئے اور تیز آرے استعمال کیے جائیں ۔

Copy Rights @ ZaraiMedia.com. Please do not copy without permission.  Contact:contact@zaraimedia.com

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More