حکومت زیر التواء ڈیوٹی ڈرا بیک اور سیلز ٹیکس ریفنڈ ز کلیمز کا اجراء کرے

مورخہ 24جولائی2013ء

agriculture_news
agriculture_news

فیصل آباد (زرعی میڈیا ڈاٹ کام ) صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں زاہد اسلم نے کہا ہے کہ حکومت برآمدکنندگان اور صنعتکاروں کی مالی مشکالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے فوری طور پر زیر التواء ڈیوٹی ڈرا بیک اور سیلز ٹیکس ریفنڈ ز کلیمز کا اجراء کرے۔ حکومت ان فنڈز کے جلد اجراء کو یقینی بنائے تا کہ برآمدکنندگان رقم کی وصولی کے بعد برآمدی آرڈرز بروقت مکمل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر پہلے ہی کئی ایک مسائل کی وجہ سے شدید بحران کا شکار ہے جس میں توانائی کی بدترین لوڈشیڈنگ، ٹیکسز کی بڑھتی ہوئے شرح اور کاروباری و پیداواری لاگت میں بے تحاشہ اضافہ قابل ذکر ہیں۔ اس صورتحال میں ہماری مصنوعات علاقائی ممالک سے بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلاتی سکت کھو رہی ہیں۔ جبکہ گزشتہ دور حکومت میں حکومتی عدم دلچسپی کی وجہ سے 2011-12 میں برآمدات میں 1.17 فیصد کمی ہو گئی تھی۔بجلی و گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ اور برآمدکنندگان کو ریفنڈزکلیمزکی عدم ادائیگی نے ملکی برآمدات اور پیداوار کو شدید متاثر کیا ہے۔اس کے برعکس ہمارے حریف ممالک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو نہ صرف بلاتعطل بجلی و گیس کی سپلائی ممکن بنائی جاتی ہے بلکہ دیگر مراعات کی وجہ سے انکی مصنوعات ہمارے مقابلے میں سستی ہیں اور ہماری منڈیوں اور خریداروں کو متاثر کررہی ہیں۔اگر حکومت پاکستان نے ہمارے برآمد کنندگان کو بنیادی ضروریات مہیا نہ کیں تو امسال برآمدات 26بلین ڈالر ہدف کا حصول بھی ناممکن ہوجائے گا۔انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بیرونی زر مبادلہ کمانے والے ٹیکسٹائل سیکٹر کو نظر انداز کرنے کی بجائے سہولتیں فراہم کی جائیں تا کہ برآمدات کو فروغ ملے اور روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہو سکیں۔

Copy Rights @Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More