پاکستان سبزیوں کی برآمد سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے

May 02, 2013

 سبزیوں کی تحقیق
سبزیوں کی تحقیق

لاہور: زرعی میڈیا ڈاٹ کام: سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ اور کوالٹی بہتر بنا کر پاکستان سبزیوں کی برآمد سے کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ یہ بات ڈاکٹر عابد محمود ڈائریکٹر کپاس نے ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں سبزیوں کی تحقیق کے سالانہ پروگرام کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں منعقد ہ زرعی سائنسدانوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے سائنسدان خربوزے کی ایسی اقسام تیار کررہے ہیں جن میں مٹھاس زیادہ ہوگی اور بیجوں کی تعداد بھی کم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کی آمدنی میں اضافے اور سبزیوں کی فی کس کھپت بڑھانے کے لیے ایسی نئی اقسام تیار کرنے کی ضرورت ہے جو زیادہ پیداوار کی حامل ہوں اور اگیتی تیار ہوسکیں تاکہ کاشتکار ان کی فروخت سے زیادہ منافع حاصل کرسکیں۔ ڈاکٹر شاہد نیاز ڈائریکٹر ادارہ تحقیقات سبزیات فیصل آباد نے اپنے ادارے کی تحقیق کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ سبزیوں کی ہائی برڈ اقسام کی تیاری میں مصروف ہے ۔یہ اقسام زیادہ پیداوار دیتی ہیں اور نئی اقسام کی تیاری سے ملک میں سبزیوں کی پیداوار میں انقلاب برپا ہوجائے گا۔ڈاکٹر مخدوم حسین نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو سبزیوں کے کاشتکاروں کے مسائل سے آگاہ ہونا چاہیے تاکہ سالانہ تحقیقاتی ترجیحات مرتب کرتے وقت کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دی جائے۔ زرعی سائنسدانوں نے سبزیوں کی پیداوار میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیا اور آئندہ سال کے لیے تحقیقاتی ترجیحات کو حتمی شکل دی۔

****

نظامت زرعی اطلاعات پنجاب

21۔ سر آغا خان سوئم روڈ لاہور

Pakistani Vegetables
Agriculture in Pakistan,
Copy Rights @Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More