انٹر فیکلٹی سپورٹس گالا 2013ء کی تقریب تقسیم انعامات: پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں

May 01, 2013

university-of-agriculture-f
فیصل آباد  (زرعی میڈیا ڈاٹ کام)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کھیلوں کے میدان آباد رکھنے کے لئے شام کے اوقات میں دو گھنٹے کے لئے انٹر نیٹ کی سروسز معطل رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوان جسمانی صحت کے لئے وقت نکال سکیں ۔ ان باتوں کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے نظامت سپورٹس کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر فیکلٹی سپورٹس گالا 2013ء کی تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جسم صحت مند ذہن کے لئے انتہائی ضروری ہے لہذا یونیورسٹی کے طلبہ اپنے آپ کو فٹ رکھنے کے لئے روزانہ کھیلوں کے میدانوں میں اپنی جسمانی ورزش کا اہتمام کریں ۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی بین الاقوامی سطح پر ہمیشہ ہاکی اور دیگر کھیلوں کے شعبے میں اعلیٰ پائے کے کھلاڑی پیدا کرتی رہی ہے اور اس روایت کو آنے والے سالوں میں مزید پختہ کیا جائے گا ‘ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو یونیورسٹی کے ٹریک سوٹ ‘ جاگرز اور کھلاڑیوں کے لئے پرو ٹین سے بھر پور روزانہ غذا کا اہتمام بھی کیا جا ئے گا ‘انہوں نے کلیہ سوشل سائنسز اور کلیہ زراعت کے ما بین فائنل کبڈی میچ بھی دیکھا جو سخت مقابلے کے بعد کلیہ سوشل سائنسز نے جیت لیا ۔ انہوں نے کہا کہ برصغیر میں کبڈی کا کھیل انتہائی مقبول ہے اور اب یہ یورپی ممالک کے علاوہ مشرق بعید اور مشرق وسطیٰ میں بھی کامیابیوں سے ہمکنار ہو رہا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والی کبڈی ٹیم کو مہمان خصوصی نے 10 ہزار روپے نقد انعام عطا کیا جبکہ رنر اپ ٹیم کو پانچ ہزار روپے بطور انعام دیئے گئے جبکہ کھلاڑیوں کو دیئے جانے والے اعزازیے کی رقم کو بھی دو گنا کر دیا گیا ۔ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے انٹر فیکلٹی سپورٹس گالا میں مجموعی طور پر فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے 19پوائنٹس کے ساتھ تیسری ‘ فیکلٹی آف ویٹرنری سائنسز نے 36پوائنٹس کے ساتھ دوسری جبکہ فیکلٹی آف ایگریکلچرل نے 73پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی ۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہینڈ آؤٹ
University of Agriculture Faisalabad (UAF),
Copy Rights @Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More