انرجی انوائرمنٹ کا نیا ڈگری پروگرام شروع کیا جا رہا ہے: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

26 April 2013

University of Agriculture, Faisalabad
University of Agriculture, Faisalabad

فیصل آباد ( زرعی میڈیا ڈاٹ کام)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں نئے تعلیمی سیشن سے انرجی انوائرمنٹ کا نیا ڈگری پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس کی پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظوری کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا گیا ہے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل میں ایڈیشنل رجسٹرار ایکری ڈیشن انجینئرڈاکٹر ناصر محمود خاں کی قیادت میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کرنے والے تین رکنی وفد سے ملاقات میں کہیں۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے بتایا کہ پاکستان میں توانائی کے حالیہ بحران کی وجہ سے پالیسی ساز اداروں میں توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے جس کیلئے ہنرمندافرادی قوت کی تیاری اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ زرعی شعبہ بجلی کا ایک بڑا صارف ہے جہاں 12لاکھ سے زائد ٹیوب ویل چلائے جا رہے ہیں اور اگر ان سب کو زرعی یونیورسٹی سائنس دانوں کے تیار کردہ بائیوگیس پلانٹس کی طرز پر بائیوگیس انرجی سے منسلک کر دیا جائے تو منگلا ڈیم سے پیدا ہونیوالی بجلی سے بھی زائد توانائی کی بچت کی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 7کروڑ سے زائد جانوروں کے گوبر کواگردیہی اور مقامی سطح پر بائیوگیس پلانٹ کا حصہ بنادیا جائے تو ڈیزل اور بجلی کی مد میں 400ارب روپے کی سالانہ بچت ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر اقرارنے بتایا کہ یونیورسٹی میں تیار کیا گیابائیوگیس پلانٹ پورے ملک میں نصب پلانٹس کے مقابلہ میں کئی حوالوں سے جدید‘ منفرد اور مختلف ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یہی وجہ ہے کہ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر ندیم الحق سمیت ‘ حکومت پنجاب کا انرجی ڈیپارٹمنٹ‘ وفاقی وزارتوں کے ذمہ داران کی طرف سے اس میں خصوصی دلچسپی لی جا رہی ہے اور اسے پورے ملک میں رواج دینے کیلئے پوری حکومتی مشینری یونیورسٹی کی معاونت کا ارادہ رکھتی ہے۔اس موقع پر انجینئرناصر محمود خاں نے بتایا کہ انجینئرنگ کونسل کی کاوشوں سے پلاننگ کمیشن کی حدود میں سولر انرجی پلانٹس کی بڑی تعداد نصب کر دی گئی ہے جن سے دوسرے اداروں اور تنظیموں میں اس حوالے سے رغبت پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کونسل ملک بھر کے انجینئرز کا ایک نیٹ ورک قائم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ان کیلئے پرکشش مواقع پیدا کرنے کیلئے موثر مارکیٹنگ کر رہی ہے جس سے پوری دنیا میں پاکستانی انجینئرزکوآگے بڑھنے میں آسانی ہوگی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ و ٹیکنالوجی ڈاکٹر محمد اقبال کوہدایت کی کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے معاملات کی موثر نگرانی کیلئے ایک ذمہ دارفوکل پرسن مقرر کیا جائے جوکونسل کیساتھ رابطوں کو مزید موثر بنانے کی اہلیت رکھتا ہو۔

University of Agriculture, The University of Agriculture Faisalabad, 
Copy Rights @Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More