تفریح کے ساتھ ساتھ یہاں پر ہونے والی تحقیق کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے: وائس چانسلر

زرعی یونیورسٹی فیصل آبادہینڈ آؤٹuaf-festival2013فیصل آباد 31مارچ (زرعی میڈیا ڈاٹ کام )زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں جاری جشن بہاراں کے ذریعے فیصل آباد اور گردونواح سے تعلق رکھنے والی فیملیز کو تفریح کے ساتھ ساتھ یہاں پر ہونے والی تحقیق کے بارے میں آگاہ کیا جا رہا ہے ‘ان باتوں کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے انجمن طلبہ قدیم کے 58 ویں اجلاس کے سلسلے میں منعقدہ بزنس میٹنگ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی پیدا وار میں خود کفالت کی وجہ سائنسدانوں کی تحقیقی کاوشیں ہیں جن کی بدولت بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کا وافر اہتمام ہو رہا ہے ۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ 1961ء کے بعد آنے والے سبز انقلاب کی بدولت ملک میں زیر کاشت رقبے سے دو گنا پیدا وار حاصل کرنے کا جو سفر شروع کیا گیا تھا وہ اب نئے بیجوں اور پیدا واری ٹیکنالوجی کی وجہ سے بلندیوں کی جانب رواں دواں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا حالیہ جشن بہاراں نہ صرف عوام کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے بلکہ ملک بھر سے کسانوں کی بڑی تعداد بھی یہاں پر جاری نمائش سے استفادہ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے قبل ازیں لائیو سٹاک فارم پر جانوروں کے مقابلہ حسن کا افتتاح کیا اور سائنسدانوں سے بات چیت کے دوران ساہیوال گائے اور راوی نیلی بھینس کی جینیاتی ترقی کے حوالے سے نئے افق تلاش کرنے پر زور دیا ۔ واضح رہے کہ یونیورسٹی میں جاری چھ روزہ جشن بہاراں میں زرعی و صنعتی نمائش‘ فینسی برڈ شو‘ ہارس اینڈ کیٹل شو‘ نیزہ بازی کے مقابلے ‘ پھولوں کی نمائش اور دیگر رنگا رنگ پرو گراموں میں شہری اپنے خاندان کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں روزانہ یونیورسٹی کا رخ کر رہے ہیں ۔
31 مارچ کو جشن بہاراں کے آخری روز صبح 10 بجے کسان میلے کا اہتمام کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے آئے ہوئے کسان یونیورسٹی اور دیگر تحقیقاتی اداروں میں ہونے والی جدید ریسرچ کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے ۔ اسی روز نیزہ بازی ‘جانوروں کے مقابلہ حسن ‘ دودھیل جانوروں کی پیدا وار کا مقابلہ اور پھولوں کی نمائش کے انعام یافتگان کو ایک تقریب میں اعزازات سے نوازا جائے گا ۔
University of Agriculture Faisalabad (UAF),
Copyright: Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More