گندم کو تیسرا پانی بجائی کے 125تا 130دن بعد لگائیں: محکمہ زراعت پنجاب

گندم کی آبپاشی نہ کی جائے تو دانے کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے
گندم کی آبپاشی نہ کی جائے تو دانے کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے

لاہور:21مارچ 2013(زرعی میڈیا ڈاٹ کام): محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق گندم کو تیسرا پانی بجائی کے 125تا 130دن بعد لگائیں۔ اس وقت سٹے میں دانہ بننے کا عمل جاری ہوتا ہے اگر اس مرحلے پر گندم کی آبپاشی نہ کی جائے تو دانے کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور پیداوار میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔ترجمان کے مطابق اس موسم میں گندم کی فصل پر سست تیلے کا حملہ بھی ہو سکتا ہے۔

اس لئے اس کے مربوط انسداد کے لئے کسان باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کرتے رہیں اور جیسے ہی حملہ نظر آئے کھیت کے متاثرہ حصوں میں پودوں کے اوپر سے رسی کھینچیں جس سے کافی مقدار میں تیلہ نیچے گر جائے گا۔کھالوں اور کھیت کے اردگرد اُگی ہوئی جڑی بوٹیوں کو تلف کریں کیونکہ یہ تیلے کی افزائش میں مدد کرتی ہیں۔
گندم کی فصل کو سادہ پانی سے پاور سپریئر کے ساتھ پریشر سے وقفہ وقفہ سے سپرے کرتے رہیں۔ مفید کیڑے مثلاً لیڈی برڈبیٹل، کرائی سوپا، مکڑی، سرفڈ فلائی اوردوسرے طفیلی کیڑے اس کی تعداد کو بڑھنے نہیں دیتے۔ ایسے کھیت جہاں پر مفید کیڑوں کی تعداد کم ہو دوسرے کھیتوں سے فائدہ مند کیڑے اکٹھے کرکے چھوڑ دیں تاکہ ان کھیتوں میں تیلے کا حملہ کنٹرول کیا جا سکے۔
ان مفید کیڑوں کی پرورش محکمہ زراعت کی وہاڑی، پاکپتن، ساہیوال، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، لیہ، مظفرگڑھ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ اور فیصل آباد میں قائم کردہ بیالوجیکل لیبارٹریوں میں بھی کی جا رہی ہے۔جہاں سے کاشتکاروں کومفید کیڑے مفت فراہم کئے جاتے ہیں۔ گندم کی فصل پر ہر گز زرعی زہروں کا سپرے نہ کریں کیونکہ ہماری خوراک پر ان کے بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ماحول کاآلودہ ہونا، صحت کے مسائل اور مفید کیڑوں کا ختم ہونا اضافی مسائل ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ سست تیلے کے موثر کنٹرول کے لئے گندم کے کھیت کے ایک طرف کینولہ کی چند قطاریں کاشت کریں تاکہ ان پر حملہ آور تیلے کے خلاف دوست کیڑے پیدا ہوں جس سے گندم پر حملہ کرنے والے سست تیلے کو ختم کیا جا سکے۔

نظامت زرعی اطلاعات پنجاب

21۔ سر آغا خان سوئم روڈ لاہور

E.mail:ziratnama@hotmail.com، Ph.042-99200731, 99200729, Fax No. 042/99202911

ہینڈ آؤٹ
*****

Wheat

Agriculture in Pakistan

Copyright: Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More