سویا بین کی بہاریہ کاشت

Soyabean farming in Pakistan
Soyabean farming in Pakistan

سویا بین نہ صرف ایک منافع بخش فصل ہے بلکہ اس کے بیج میں38 سے42 فیصد پروٹین اور18 سے21 فیصد اعلیٰ قسم کا تیل بھی پایا جاتا ہے۔ یہ تیل دل جبکہ اس کا آٹا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت مفید ہے۔ اس سے تقریباََ200 سے زائد مختلف قسم کی خوردنی اشیاء تیار کی جاتی ہیں۔ جن میں سے خوردنی تیل، گھی، خشک دودھ، سویا مکھن اور بیکری کی اشیاء وغیرہ شامل ہیں۔ سویا بین پھلی دار اجناس مثلاََ مونگ، ماش ، لوبیا، برسیم، گوارہ کے خاندان سے تعلق رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی جڑوں پر لگے منکوں (Nodules) پر نائٹروجن جمع کرنے والے جرثومے ہوتے ہیں جو تقریبا60 کلو گرام فی ہیکٹر نائٹروجن جمع کرتے ہیں۔جس سے زمین کی زرخیزی میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے اور آئندہ کاشت ہونے والی فصل کو اس زرخیزی کا فائدہ پہنچتا ہے۔ سویا بین کو باغات میں بھی کاشت کیا جا سکتا ہے تاکہ باغات کو سویابین سے حاصل ہونے والی زرخیزی سے فائدہ ہوتا ہے۔ سویابین کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکار زمین کا انتخاب اور تیاری، شرح بیج، موزوں اقسام اور ان کی بروقت کاشت، طریقہ کاشت، جراثیمی ٹیکہ، کھادوں کا استعمال، آب پاشی، جڑی بوٹیوں کی تلفی، نقصان دہ حشرات و بیماریوں کا بروقت انسداد اور برداشت جیسے عوامل کو بطریق احسن انجام دیں۔

سویا بین کی کاشت کیلئے میرا زمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو بہتر ہے جبکہ سیم زدہ اور کلراٹھی زمین اس کی کاشت کیلئے مناسب نہیں ہے۔ اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے ہموار زمین میں دو یا تین مرتبہ ہل چلاکر اور اتنی ہی بار سہاگہ دیں۔سویا بین کی کاشت ہمیشہ صبح یا شام کے وقت تروتر میں کریں۔ بہتر روئیدگی والا 40 سے45 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ موزوں اقسام میں این اے آر سی 1، این اے آر سی2، ایف ایس95، ولیمز82 اور فیصل سویا بین شامل ہیں۔ سویابین کا موزوں وقت کاشت وسط فروری تاآخر فروری تک ہے۔ سویا بین کی کاشت خریف ڈرل یا پور سے کریں۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ 1189سے 2فٹ رکھیں اور بیج 1 سے 2 انچ گہرائی پر کاشت کریں۔ اس کی کاشت قطاروں کے علاوہ بذریعہ چھٹہ بھی کر سکتے ہیں۔

کاشت سے پہلے بیج کوپھپھوند کش/ کرم کش زہر لگائیں تاکہ فصل نقصان دہ بیماریوں اور حشرات سے محفوط رہے۔ بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگائیں تاکہ فضائی نائٹروجن جذب کرنے والے جراثیم (بیکٹریا)موثر طور پر پودوں کی جڑوں پر گانٹھیں بنا کر ہوا سے نائیٹروجن ثبت کر کے پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کا موجب بن سکیں۔ جراثیمی ٹیکہ کیلئے 1/2سے 1کلوگرام شکر یا گڑ کا گاڑھا شربت بناکر ایک ایکڑ کے لیے درکار بیج (40تا45 کلوگرام) میں اچھی طرح ملائیں۔ اس کے بعد 600گرام ٹیکہ بیج پر چھڑک کر اس طرح ملائیں کہ بیج پر یکساں لگ جائے۔ یہ عمل سایہ دار جگہ پر مکمل کریں۔ کھادوں کے منافع بخش استعمال کیلئے ضروری ہے کہ زمین کا تجزیہ کروایا جائے اور تجزیہ کے مطابق کھادوں کا استعمال کیا جائے۔ ایک سے1189بوری ڈی اے پی اور آدھی بوری یوریا بوقت کاشت اور آدھی سے ایک بوری یوریا فی ایکڑ دوسرے پانی کے ساتھ استعمال کرنی چاہیے۔ آبپاشی موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر اس طرح کریں کہ پہلا پانی اگاؤ کے20 سے25 دن بعد اور باقی پانی موسم کے لحاظ سے10 سے15 دن کے وقفہ سے دیں۔ پھول اور پھلیاں بنتے وقت پانی کا خاص خیال رکھیں۔ بہاریہ فصل میں پھلیاں بننے سے پکنے تک زیادہ گرمی ہوتی ہے اس لیے اس وقت پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔ عام طور پر بہاریہ فصل کے لیے تقریباََ7 پانی درکار ہوتے ہیں۔

فصل کو دو مرتبہ گوڈی کریں تاکہ جڑی بوٹیوں کو تلف کیا جاسکے ۔ پہلی گوڈی آبپاشی کے بعد وتر میں کسولے سے کرنی چاہیے جبکہ دوسری گوڈی دوسری آبپاشی کے بعد ہل کے ذریعے بھی کی جا سکتی ہے۔ سویابین کی فصل پر سفید مکھی، تیلا، لشکری سنڈی او ر جوئیں وغیرہ حملہ آور ہوتی ہیں ان کی تلفی کیلئے زرعی ماہرین کے مشورے سے سپرے کریں۔ سفید مکھی گرم موسم میں زرد موزیک کی بیماری کا باعث بنتی ہے جس کا کنٹرول بہت ضروری ہے۔ بہاریہ سویابین کی فصل جون کے پہلے ہفتہ (تقریباً 120دن) میں پک کر تیار ہو جاتی ہے پتے زرد ہو کر جھڑ جاتے ہیں اور پھلیاں خاکستری بھورا رنگ دینے لگتی ہیں۔ اس مرحلہ پر دانوں میں نمی تقریباََ14سے16 فیصد ہوتی ہے، فصل کی برداشت میں تاخیر کم پیداوار کا باعث بنتی ہے لہٰذا برداشت میں دیر ہر گزنہیں کرناچاہیے۔

زرعی فیچر سروس

ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر ل انفارمیشن، پنجاب

میڈ یا لائزان یونٹ ،ایگریکلچرل فارم اولڈ شجاع آباد روڈ، ملتاننوید عصمت کاہلوں (اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات )

, Email:mlum2007@gmail.com Tel.061-9201187

نمبر:۔ مورخہ:۔
*****

Soyabean farming in Pakistan
Agriculture in Pakistan
Copyright:  Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More