خواتین کو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جائیں: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

 پاکستان میں 16فیصد خواتین اپنے خاندان کی کفالت
پاکستان میں 16فیصد خواتین اپنے خاندان کی کفالت

فیصل آباد 08مارچ: پاکستان میں 16فیصد خواتین اپنے خاندان کی کفالت اور معاشی ذمہ داریوں کے حوالے سے بطور ورکنگ وومن اپنا کر دار موثر انداز سے ادا کر رہی ہیں اسے مزید بہتر بنانے کے لئے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں انہیں زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کی جانی چاہئیں ۔

ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سوشیالوجی کے پروفیسر اور چیئر مین یونیورسٹی سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اشفاق احمد مان نے کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر اور وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے باہمی اشتراک سے عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے اپنے کلیدی خطاب کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرے کی منفی روایات تیزی سے ہماری ثقافت اور روز مرہ زندگی میں شامل ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین کیلئے موجود احترام کی پوری طرح پاسداری نہیں کی جا رہی ۔
انہوں نے کہا کہ مغربی معاشرہ مذہب اور خاندان جیسے اہم ترین ادارے پر بات کر چکا ہے اور اب دو بارہ ان کی بحالی کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں عورت کے لئے جو تقدس پایا جاتا ہے وہ کسی دوسرے مذہب میں دستیاب نہیں ۔
انسٹی ٹیوٹ آف ہوم اکنامکس کی سر براہ ناہید عباس نے کہا کہ پاکستانی خواتین معاشرے میں فعال کر دار ادا کرنے کے لئے مردوں کے شانہ بشانہ آگے بڑھ رہی ہیں یہی وجہ ہے کہ تعلیمی اداروں میں ان کی کارکردگی سب سے نمایاں ہے ۔
شعبہ زوالوجی کی مسز نورین رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ ہمیں دینی اقدار پر بھی توجہ دینا ہو گی ورنہ اس امتزاج کے بغیر ہم معاشرے میں باعزت مقام حاصل نہیں کر سکتے ۔
کیریئر ڈویلپمنٹ آفیسر سائرہ خان نے کہا کہ عورت ماں ‘ بہن اور بیٹی کے ساتھ ساتھ بیوی کے روپ میں معاشرے میں اہم مقام کی حامل ہے اور پورے خاندان کو ایک لڑی میں پرونے کا کارنامہ سر انجام دیتی ہے ۔
کیریئر ڈویلپمنٹ آفیسر مسز انیلہ جاوید نے اس موقع پر اسلامی حوالے سے عورت کے کر دار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماں کی خدمت کرنے والوں کو انبیاء کی جنت میں ہمسائیگی کی بشارت دی گئی ہے یہی وجہ ہے کہ عورت کا مقام ہر لحاظ سے بلند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیغمبر بھی اپنی ماؤں کا بڑے احترام سے تذکرہ کرتے تھے اور ان کے پیروں تلے جنت تلاش کرنے کا حکم دیتے تھے ۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں یونیورسٹی کی اساتذہ اور طالبات نے خواتین کے حقوق کے حوالے سے واک بھی کی ۔
University of Agriculture Faisalabad (UAF) , Agriculture in Pakistan
Copyright:  Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More