گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنیکی پالیسی کا مسودہ منظور

اسلام آباد: وفاقی وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے گنے کے پھوک سے بجلی کی پیداوار کی قومی پالیسی کے مسودے کی منظوری دیدی اور ہدایت کی ہے کہ اسے باضابطہ منظوری کیلیے متعلقہ فورم پر پیش کیا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت جمعرات کو یہاں گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں ایم ڈی پی پی آئی بی، ایم ڈی این ٹی ڈی سی اور دیگر اداروں کے نمائندوں کے علاوہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت توانائی بحران کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، گنے کے پھوک سے بجلی کی پیداوار اس طرف ایک اور اہم قدم ہو گا۔ انہوں نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کی طرف سے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ابتدائی طور پر اس طرح کے منصوبوں سے ایک ہزار میگا واٹ بجلی کے جلد حصول کو یقینی بنایا جائیگا۔
Courtesy:Express