جدید ٹیکنالوجی متعارف کراتے ہوئے زرعی خود کفالت کی منزل حاصل کی جا سکتی ہیں

زرعی یونیورسٹی فیصل آبادہینڈ آؤٹ

uaf_22jan2013

فیصل آباد22جنوری 2013ء ( )ملک کا نصف زرعی رقبہ بارانی علاقوں پر مشتمل ہے جہاں پانی کے متناسب استعمال کی جدید ٹیکنالوجی متعارف کراتے ہوئے زرعی خود کفالت کی منزل حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے لئے نامزد وائس چانسلر اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ڈین کلیہ زرعی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمدنے بلوچستان کے زرعی شعبے سے تعلق رکھنے والے افسران کیلئے منعقدہ دس روزہ آن فارم واٹر مینجمنٹ تربیتی ورکشاپ سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا ‘ انہوں نے کہا کہ پوٹھوہار میں بارشوں کے پانی کو زیر استعمال لانے کے لئے 1500 چھوٹے آبی ذخائر تعمیر کئے گئے ہیں جنہیں مزید وسعت دے کر پانی کی کمی جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زرعی یونیورسٹیوں کو مڈل ایسٹ میں اپنے کیمپس کھول کر وہاں جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی پر توجہ دینا ہو گی ۔ ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے کہا کہ بد قسمتی سے ہماری قوم پانی ضائع کرنے والی سب سے بڑی قوم کے طور پر جانی جاتی ہے اور ہمیں اپنی ان غلطیوں پر قابو پاتے ہوئے فی قطرہ زرعی پیدا وار کے حصول کے لئے کام کرنا ہو گا ان سے پہلے بلوچستان میں اقوام متحدہ کے ادارے فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (ایف اے او) کے نمائندے ملک اعجاز حسین نے کہا کہ ملک میں 5ایکالوجیکل زون ہیں جن میں کوسٹل بیلٹ سے لے کر 6ہزار فٹ کی بلندیوں پر مبنی بالائی چوٹیاں ہر طرح کی زرعی پیدا وارکے لئے انتہائی موزوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف اے او کی جانب سے بلوچستان میں پانی کے متناسب استعمال کے ذریعے پیدا وار میں اضافے پر مبنی پروگرام تین اضلاع میں شروع کیا گیا تھا جسے وسعت دے کر آٹھ اضلاع تک پھیلا دیا گیا ۔ ملک اعجاز حسین نے کہا کہ پانی کی متناسب مقدار کے ذریعے ان اضلاع میں روائتی طریقوں کے مقابلے میں 23فیصد زیادہ پیدا وار حاصل ہوئی جس کی بناء پر اس پرو گرام کو مزید 6اضلاع میں وسعت دی جا رہی ہے ۔ تقریب سے ڈاکٹر جہانگیر خان سیال اور پروفیسر ڈاکٹر اللہ بخش نے بھی خطاب کیا اور ملک میں آبپاشی کے مسائل کیلئے توانائی کے متبادل ذرائع سولر سسٹم اور میتھین گیس کے استعمال کے بار ے میں بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ 10 روزہ ورکشاپ 31جنوری کو ختم ہو جائے گی ۔

Copyright @ Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More