گزشتہ 5 سال عوام اور معیشت کو مہنگے پڑے،فریدہ راشد

فریدہ راشد
فریدہ راشد

2013-جنوری 13

روپے کی قدر36فیصدگرگئی،بجلی اور گیس کا خسارہ169ارب تک جاپہنچا, اشرافیہ کو نوازنے کی پالیسیاں انتہائی کامیاب رہیں،صدر اسلام آباد ویمن چیمبر

اسلام آباد(آئی این پی)اسلام ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر فریدہ راشد نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال عوام اور معیشت کو مہنگے پڑے،جمہوریت نے معیشت کو نیم مردہ کر ڈالاجبکہ روپے کو قدر میں36 فیصدکمی سے دنیا کی کمزور ترین کرنسیوں میں نمایاں مقام ملا، توانائی بحران کی آڑ میں عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا جس سے ملک بھر میں لائنیں لگ گئیں ، گھروں کے چولہے بجھ گئے ، لاکھوں بے روزگاراور کروڑوں افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے،حکومت نے بد انتظامی وعدہ خلافیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے جس سے عالمی رسوائی اور عدم اعتماد کااعزاز ملا،عوام کے مفاد میں600 ارب روپے کے تمام واجب الادا قرضوں کو بڑی محنت سے 1300 ارب کیا گیاجس میں بڑا ہاتھ شاہانہ طرز زندگی اور کرپشن کا ہے، سی این جی کی قیمت 33روپے سے 95 ہو گئی جس کے بعد نایاب کر دیا گیا۔فریدہ راشدنے یہ بات گزشتہ روز کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ویمن چیمبر کی بانی صدر ثمینہ فاضل، نائمہ انصاری، پروین خان اور دیگر بھی موجود تھے۔انھوں نے کہا کہ سیاستدانوں کی کاروائیوں سے تاجر برادری کا عدم اعتماد تیزی سے بڑھا جس سے روپے کی قدر میں ایک سال میں 7 فیصد کمی ہوئی جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں 19 فیصد کمی آئی ،شرح نمو جو گزشتہ سال 3.7فیصد کی مایوس کن حد پر تھی مزید گر کر 3.2فیصد متوقع ہے، ان حالات میں 2015تک آئی ایم ایف کو 7.5ارب ڈالر کی ادائیگی مشکل ہے،پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں کاروبار کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے،بجلی اور گیس کا مجموعی خسارہ 169ارب تک جا پہنچا ہے جس کی ذمہ داری صارفین پر ڈال دی گئی ہے،آٹے کے بحران نے عوام کو مزید عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے،اوگرا کی جانب سے سی این جی اسٹیشن شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ اچھا مذاق ہے۔فریدہ راشد نے کہا کہ عوام یا معیشت کی حالت بہتر بنانے کے لئے تمام اقدامات لاحاصل جبکہ اشرافیہ کو نوازنے کے تمام پالیسیاں انتہائی کامیاب رہیں جس سے امیر اور غریب کا فرق، لیبر مارکیٹ کا عدم توازن اور غربت بڑھی، محاصل کی وصولی کم ہوئی جبکہ متوسط طبقہ اور غریب عوام کے لئے روزگار کے مواقع میں کمی آئی ۔

Courtesy: Duniya

Copyright:  Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More