(UAF)زرعی یونیورسٹی فیصل آبادہینڈ آؤٹ

ممتاز کرکٹ سٹار سعیداجمل
ممتاز کرکٹ سٹار سعیداجمل

فیصل آباد12جنوری 2013ء () توکل ایک ایسی طاقت ہے جس کے ذریعے انسان اپنی مخفی صلاحیتوں سے بے مثال کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار ممتاز دانشور اور سکالر سید سرفراز احمد شاہ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے آفس آف سینئر ٹیوٹر کی قرات اینڈ نعت چیئر کے زیراہتمام منعقدہ خصوصی تقریب سے بطور کلیدی مقرر اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بے عملی اور تقدیر کے نام پر خود کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دینے کی سختی سے مخالفت کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اللہ کے نبی نے جہدمسلسل پر زور دیتے ہوئے رہبانیت ترک کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ توکل خود کو نامساعد حالات کے رحم و کرم پر چھوڑنے کا نام نہیں بلکہ قوت ارادی اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور استعمال کا نام ہے جس کے نتائج اللہ تعالیٰ کی رضا پر چھوڑ دیئے جائیں۔ سید سرفراز شاہ نے کہا کہ قرآن پاک میں انسان کو اس کی استعداد کار کے مطابق اس کی کوششوں کا صلہ دینے کے بارے میں ارشاد فرمایا گیا ہے اس لئے انسان کو کوششیں ترک کرنے اور توکل کے نام پر ہاتھ پر ہاتھ دھرنے کی طرف مائل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے دور دراز علاقوں سے سفر کر کے انسانیت کی فلاح کے لئے جو کوششیں بروئے کار لائیں اور پھر اللہ کی رضا سے اپنی توکل کی ڈوری کو باندھا اس کے نتیجے میں ان کی قبریں آج تک لوگوں کے لئے روحانی سکون اور آگے بڑھنے کے لئے روشنی کا ایک ذریعہ ہیں۔ ان سے پہلے ممتاز کرکٹ سٹار سعیداجمل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹرز اسلامی تعلیمات کے مطابق بھرپور کوششوں اور زیادہ سے زیادہ محنت پر یقین کرتے ہوئے اپنے لئے توکل کو ڈھال بناتے ہیں یہی وجہ ہے کہ انہیں لوگ اپنے سر آنکھوں پر بٹھانا پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق مڈل کلاس کے ایک مذہبی گھرانے سے ہے اور میں بچپن سے ہی توکل پر پورا یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میں نے قومی کرکٹ ٹیم میں چانس نہ ملنے کے باوجود محنت کو ترک کرنے کی بجائے اللہ کی ذات پر توکل کیا اور آج مجھے میرے رب نے میرے والدین اور ہم وطنوں کی دعاؤں سے دنیا کا نمبر ون باؤلر بنا دیا ہے۔ سینئر ٹیوٹر پروفیسر ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہا کہ ہم نے توکل کے مفہوم کی گہرائی جانے بغیر اسے بے عملی کا ایک جواز بنا رکھا ہے جو کہ اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات طلباء کی تعلم و تحقیق کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر بھی توجہ دیتی ہیں یہی وجہ ہے کہ ان کا سینئر ٹیوٹر آفس یہ کام پوری محنت سے سرانجام دے رہا ہے۔ تقریب سے ایسوسی ایٹ سینئر ٹیوٹر اور شعبہ فاریسٹری کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر صدیقی اور قرات اینڈ نعت کلب کے صدر عبدالمنان نے بھی خطاب کیا۔

saeed_ajmal_cricket03

 Copyright:  Zaraimedia.com

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More