لیڈی ویٹرنری ڈاکٹرز کی پوسٹنگ ان کے گھر سے قریب ترین مقام پر ہونی چاہئے


پبلک فسیلیٹیشن سنٹر کی جانب سے پنجاب بھر کے ویٹرنری ہسپتالوں اور DLO دفاترمیں شکایات بکس نصب کئے جائیں گے

شہزادی شمیم کبیر، معاون وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ کی ایڈیٹر ویٹرنری نیوز اینڈ ویوز سے خصوصی گفتگو

پبلک فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کا مقصد

لاہور (نیوز ویوز سروس) پبلک فسیلیٹیشن سنٹر کے قیام کا مقصد عام لوگوں کے لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مسائل کو حل کرنا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر بنائے گئے اس سنٹر کی بدولت نہ صرف مویشی پال حضرات کی شکایات دور کی جارہی ہیں بلکہ لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے مسائل کو بھی حل کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہزادی شمیم کبیر، معاونِ وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے لائیوسٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ نے ڈاکٹر محمد جاسر آفتاب ایڈیٹر ویٹرنری نیوز اینڈ ویوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لئے میں محکمہ کے مختلف دفاتر اور سنٹرز کا دورہ کرتی رہتی ہوں جبکہ میرا سٹاف بھی مجھے اس حوالے سے باخبر رکھتا ہے۔ ان دوروں کی بدولت جہاں دفاترکے اصل حالات کا پتا چلتا ہے وہاں سٹاف کے مسائل کو حل کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ ملکی معیشت میں لائیوسٹاک کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں خوشحالی اور غربت کا خاتمہ لائیوسٹا ک کے شعبہ کی ترقی کے بغیر ممکن نہیں جبکہ اس شعبے کی ترقی کے لئے حکومتِ پنجاب ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لیڈی ویٹرنری ڈاکٹرز لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کا سرمایہ ہیں اور ان کو درپیش مسائل کو میں ذاتی مسائل کی طرح حل کرتی ہیں۔ لیڈی ویٹرنری ڈاکٹر کی پوسٹنگ ان کے گھر کے قریب ترین مقام پر ہونی چاہئے اور انہیں ایسا ورکنگ اینوائرمنٹ فراہم کیا جانا چاہئے جس میں وہ آسانی سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ پوسٹنگ سے متعلق کسی بھی لیڈی ویٹرنری ڈاکٹر کو اگر مسئلہ ہو تو وہ بلا جھجھک میرے دفتر میں رابطہ کرے ۔ ایڈیٹر ویٹرنری نیوز اینڈ ویوز کی پنجاب بھر کے ویٹرنری ہسپتالوں اور ڈسٹرکٹ لائیوسٹاک آفیسر ز کے دفاتر میں پبلک فسیلٹیشن سنٹر کی جانب سے شکایات بکس نصب کئے جانے کی رائے کو سراہتےٍٍٍٍٍٍٍ ہوئے شہزادی شمیم کبیر نے اس پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی اور اپنے سٹاف کو اس سلسلہ میں ہدایات بھی جاری کر دیں۔

 

     
   

 

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More